کیوں ہے کہہ آئینہ اس درجہ تو حیراں مجھ سے
Appearance
کیوں ہے کہہ آئینہ اس درجہ تو حیراں مجھ سے
اپنی روداد کو مت کیجیو پنہاں مجھ سے
ہوں ہوا خواہ میں اے گل ترا جیوں موج نسیم
غنچہ ساں کب ہے گرہ کا ترے نقصاں مجھ سے
چشم مست اس کی نے دل توڑ کے پھیری ہے نظر
کہ نہ مانگے کہیں اس شیشہ کا تاواں مجھ سے
تیر نے خواب میں ہمدرد جو پایا اپنا
درد دل کہنے لگا ہو کے وہ گریاں مجھ سے
رم کا ہرنوں کے بگولے کی بھی بیتابی کا
راز سب واز کیا پھاڑ گریباں مجھ سے
گرم رکھتا تھا کہا مدرسہ جب وادی کا
علم وحشت کئے تحصیل غزالاں مجھ سے
سر پر اب خاک اڑاتا ہوا پھرتا ہوں عشقؔ
صاف دیکھا تو نہ تھی خاطر یاراں مجھ سے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |