Jump to content

پاوے کس طرح کوئی کس کو ہے مقدور ہمیں

From Wikisource
پاوے کس طرح کوئی کس کو ہے مقدور ہمیں
by میر محمدی بیدار
315231پاوے کس طرح کوئی کس کو ہے مقدور ہمیںمیر محمدی بیدار

پاوے کس طرح کوئی کس کو ہے مقدور ہمیں
لے گیا عشق ترا کھینچ بہت دور ہمیں

صبح کی رات تو رو رو کے اب آ اے بے مہر
روز روشن کو دکھا مت شب دیجور ہمیں

ربط کو چاہیے یک نوع کی جنسیت یاں
چشم بیمار اسے ہے دل رنجور ہمیں

بات گر کیجے تو ہے بندہ نوازی ورنہ
دیکھنا ہی ہے فقط آپ کا منظور ہمیں

الفت اس شوخ کی چھوٹے ہے کوئی جیتے جی
رکھو اس پند سے اے ناصحو معذور ہمیں

پی ہے مے رات کو یا جاگے ہو تم کچھ تو ہے
آنکھیں آتی ہیں نظر آج تو مخمور ہمیں

یاں سے بیدارؔ گیا وہ مہ تاباں شاید
نظر آتا ہے یہ گھر آج تو بے نور ہمیں


This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.