نہ چھیڑ زاہد ناداں شراب پینے دے
Appearance
نہ چھیڑ زاہد ناداں شراب پینے دے
شراب پینے دے خانہ خراب پینے دے
ابھی سے اپنی نصیحت کا زہر دے نہ مجھے
ابھی تو پینے دے اور بے حساب پینے دے
میں جانتا ہوں چھلکتا ہوا گناہ ہے یہ
تو اس گناہ کو بے احتساب پینے دے
پھر ایسا وقت کہاں ہم کہاں شراب کہاں
طلسم دہر ہے نقش بر آب پینے دے
مرے دماغ کی دنیا کا آفتاب ہے یہ
ملا کے برف میں یہ آفتاب پینے دے
کسی حسینہ کے بوسوں کے قابل اب نہ رہے
تو ان لبوں سے ہمیشہ شراب پینے دے
سمجھ کے اس کو غفور الرحیم پیتا ہوں
نہ چھیڑ ذکر عذاب و ثواب پینے دے
جو روح ہو چکی اک بار داغدار مری
تو اور ہونے دے لیکن شراب پینے دے
شراب خانے میں یہ شور کیوں مچایا ہے
خموش اخترؔ خانہ خراب پینے دے
This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator. |