Jump to content

نہ دیا اس کوں یا دیا قاصد

From Wikisource
نہ دیا اس کوں یا دیا قاصد
by میر محمدی بیدار
315159نہ دیا اس کوں یا دیا قاصدمیر محمدی بیدار

نہ دیا اس کوں یا دیا قاصد
سچ بتا نامہ کیا کیا قاصد

نہ پھرا آہ کوئی لے کے جواب
جو گیا واں سو گم ہوا قاصد

آج آوے گا یا نہ آوے گا
میرے گھر میں وہ دل ربا قاصد

دل کو ہے سخت انتظار جواب
کہہ شتابی سے کیا کہا قاصد

کوچۂ یار میں مرے زنہار
جائیو مت برہنہ پا قاصد

خار مژگان کشتگان وفا
واں ہیں افتادہ جا بہ جا قاصد

نامۂ شوق کو مرے لے کر
یار کے پاس جب گیا قاصد

مہر کو خط کی دیکھ کہنے لگا
کون بیدارؔ ہے بتا قاصد

جس نے بھیجا ہے تیرے ہاتھ یہ خط
میں نہیں اس سے آشنا قاصد


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.