Jump to content

سلام اسے کہ اگر بادشا کہیں اس کو

From Wikisource
سلام اسے کہ اگر بادشا کہیں اس کو
by مرزا غالب
297789سلام اسے کہ اگر بادشا کہیں اس کومرزا غالب

سلام اسے کہ اگر بادشا کہیں اس کو
تو پھر کہیں کہ کچھ اس سے سوا کہیں اس کو
نہ بادشاہ نہ سلطاں یہ کیا ستایش ہے
کہو کہ خامس آل عبا کہیں اس کو
خدا کی راہ میں شاہی و خسروی کیسی
کہو کہ رہبر راہ خدا کہیں اس کو
خدا کا بندہ خداوندگار بندوں کا
اگر کہیں نہ خداوند کیا کہیں اس کو
فروغ جوہر ایماں حسین ابن علی
کہ شمع انجمن کبریا کہیں اس کو
کفیل بحشش امت ہے بن نہیں پڑتی
اگر نہ شافع روز جزا کہیں اس کو
مسیح جس سے کرے اخذ فیض جاں بخشی
ستم ہے کشتۂ تیغ جفا کہیں اس کو
وہ جس کے ماتمیوں پر ہے سلسبیل سبیل
شہید تشنہ لب کربلا کہیں اس کو
عدو کے سمع رضا میں جگہ نہ پائے وہ بات
کہ جن و انس و ملک سب بجا کہیں اس کو
بہت ہے پایۂ گرد رہ حسین بلند
بقدر فہم ہے گر کیمیا کہیں اس کو
نظارہ سوز ہے یاں تک ہر ایک ذرہ خاک
کہ لوگ جوہر تیغ قضا کہیں اس کو
ہمارے درد کی یارب کہیں دوا نہ ملے
اگر نہ درد کی اپنے دوا کہیں اس کو
ہمارا منہ ہے کہ دیں اس کے حسن صبر کی داد
مگر نبی و علی مرحبا کہیں اس کو
زمام ناقہ کف اس کے میں ہے کہ اہل یقیں
پس از حسین علی پیشوا کہیں اس کو
وہ ریگ تفتۂ وادی پہ گام فرسا ہے
کہ طالبان خدا رہنما کہیں اس کو
امام وقت کی یہ قدر ہے کہ اہل عناد
پیادہ لے چلیں اور نا سزا کہیں اس کو
یہ اجتہاد عجب ہے کہ ایک دشمن دیں
علی سے آ کے لڑے اور خطا کہیں اس کو
یزید کو تو نہ تھا اجتہاد کا پایہ
برا نہ مانیے گر ہم برا کہیں اس کو
علی کے بعد حسن اور حسن کے بعد حسین
کرے جو ان سے برائی بھلا کہیں اس کو
نبی کا ہو نہ جسے اعتقاد کافر ہے
رکھے امام سے جو بغض کیا کہیں اس کو
بھرا ہے غالبؔ دلخستہ کے کلام میں درد
غلط نہیں ہے کہ خونیں نوا کہیں اس کو


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.