روبرو آنا چھپانا چھوڑ دے
Appearance
روبرو آنا چھپانا چھوڑ دے
لن ترانی کا سنانا چھوڑ دے
جلوہ گر ہو جا مرے دل میں صنم
کو بہ کو مجھ کو پھرانا چھوڑ دے
اب تو مشت خاک باقی رہ گئی
شعلۂ فرقت جلانا چھوڑ دے
رنج سہنے کی نہیں طاقت مجھے
غیر کی محفل میں جانا چھوڑ دے
مثل بت خاموش ہو جاؤں گا میں
گر سلاسل غل مچانا چھوڑ دے
اے صبا سرگشتہ میں کب تک رہوں
میری مٹی کا اڑانا چھوڑ دے
تار تار اب ہو گئے دامن مرے
پنجۂ وحشت سنانا چھوڑ دے
رخ پہ آ کر بے ادب کرتے ہیں بل
گیسوؤں کا سر چھڑانا چھوڑ دے
ہوں جمیلہؔ کی طرح میں غمزدہ
اے فلک میرا ستانا چھوڑ دے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |