Jump to content

خوش رنگ ہے گل سے گل رخسار تمہارا

From Wikisource
خوش رنگ ہے گل سے گل رخسار تمہارا (1929)
by رادھے شیام رستوگی احقر
324347خوش رنگ ہے گل سے گل رخسار تمہارا1929رادھے شیام رستوگی احقر

خوش رنگ ہے گل سے گل رخسار تمہارا
ریحاں سے سوا خط ہے نمودار تمہارا

مطلوب ہو تم دل ہے طلب گار تمہارا
یہ آئنہ ہے تشنۂ دیدار تمہارا

یوسف کو کبھی مفت بھی لیتی نہ زلیخاؔ
نظارہ جو کرتی سر بازار تمہارا

دامن کا بھی بوسہ نہ لیا فرط ادب سے
اب تک نہیں یہ بندہ گنہ گار تمہارا

گرمی سے جو خورشید قیامت کی جلیں گے
یاد آئے گا یہ سایۂ دیوار تمہارا

عشاق کے سجدوں کا بھلا ذکر ہی کیا ہے
ہندو و مسلماں ہے پرستار تمہارا

طوطی کی طرح کیوں نہ سخن سنج ہو احقرؔ
ہے سامنے آئینۂ رخسار تمہارا


This work is in the public domain in the United States because it was first published outside the United States (and not published in the U.S. within 30 days), and it was first published before 1989 without complying with U.S. copyright formalities (renewal and/or copyright notice) and it was in the public domain in its home country on the URAA date (January 1, 1996 for most countries).