تنگ تھی جا خاطر ناشاد میں
Appearance
تنگ تھی جا خاطر ناشاد میں
آپ کو بھولے ہم ان کی یاد میں
کیونکر اٹھتا ہے خدا رنج قفس
مر گئے ہم تو کف صیاد میں
وہ جو ہیں تاریخ سے واقف بتائیں
فرق باد آہ و باد عاد میں
یاں امید قتل ہی نے خوں کیا
رہ گئی حسرت دل جلاد میں
بے تعلق پن بھی آخر قید ہے
قید پائی خاطر آزاد میں
غمزۂ شیریں ہی کی دولت سے تھا
جو اثر تھا تیشۂ فرہاد میں
کیوں خبر پوچھی ترا بیمار ہائے
مر گیا شور مبارک باد میں
بے تکلف جی میں جو آئے کرو
کیا دھرا ہے نالہ و فریاد میں
دھیان تجھ کو ہو نہ ہو پر شیفتہؔ
رات دن رہتا ہے تیری یاد میں
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |