Jump to content

بزم ایجاد میں بے پردہ کوئی ساز نہیں

From Wikisource
بزم ایجاد میں بے پردہ کوئی ساز نہیں
by اسماعیل میرٹھی
297594بزم ایجاد میں بے پردہ کوئی ساز نہیںاسماعیل میرٹھی

بزم ایجاد میں بے پردہ کوئی ساز نہیں
ہے یہ تیری ہی صدا غیر کی آواز نہیں

کہہ سکے کون وہ کیا ہے مگر از روئے یقیں
گل نہیں شمع نہیں سرو سرافراز نہیں

دل ہو بے لوث تو کیا وجہ تسلی ہو دروغ
طائر مردہ مگر طعمۂ شہباز نہیں

بلبلوں کا تھا جہاں صحن چمن میں انبوہ
آج چڑیا بھی وہاں زمزمہ پرداز نہیں

بھاگ ویرانۂ دنیا سے کہ اس منزل میں
نزل مہمان بجز مائدۂ آز نہیں

دلبری جذب محبت کا کرشمہ ہے فقط
کچھ کرامت نہیں جادو نہیں اعجاز نہیں

دل کی تسخیر ہے شیریں سخنی پر موقوف
کچھ کرامت نہیں جادو نہیں اعجاز نہیں

دست قدرت نے مجھے آپ بنایا ہے تو پھر
کون سا کام ہے میرا کہ خدا ساز نہیں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.