Jump to content

اُس وفا کی مجھ سے پھر امیدواری ہے عبث

From Wikisource
اُس وفا کی مجھ سے پھر امیدواری ہے عبث
by مصطفٰی خان شیفتہ
297419اُس وفا کی مجھ سے پھر امیدواری ہے عبثمصطفٰی خان شیفتہ

اُس وفا کی مجھ سے پھر امیدواری ہے عبث
دل فریبی کی لگاوٹ، یہ تمہاری ہے عبث

دشمنی کو جو کہ احساں جانتا ہو ناز سے
اس ستم ایجاد سے امیدِ یاری ہے عبث

غمزہ ہائے دوست بعد از مرگ بھی نظروں میں ہیں
وہمِ راحت سے عدو کو بے قراری ہے عبث

سرو میں کب پھل لگا، تاثیر کیا ہو آہ میں
چشمِ تر کی صورتِ ابر اشک باری ہے عبث

ہم نے غافل پا کے تجھ کو اور کو دل دے دیا
اے ستم گر اب تری غفلت شعاری ہے عبث

ہجر میں چرخ و اجل نے گر نہ کی یاری تو کیا
دشمنوں سے شیفتہ امیدواری ہے عبث


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.