Jump to content

ہمیں آمد میرؔ کل بھا گئی

From Wikisource
ہمیں آمد میرؔ کل بھا گئی
by میر تقی میر
315552ہمیں آمد میرؔ کل بھا گئیمیر تقی میر

ہمیں آمد میرؔ کل بھا گئی
طرح اس میں مجنوں کی سب پا گئی

کہاں کا غبار آہ دل میں یہ تھا
مری خاک بدلی سی سب چھا گئی

کیا پاس بلبل خزاں نے نہ کچھ
گل و برگ بے درد پھیلا گئی

ہوئی سامنے یوں تو ایک ایک کے
ہمیں سے وہ کچھ آنکھ شرما گئی

جگر منہ تک آتے نہیں بولتے
غرض ہم بھی کرتے ہیں کیا کیا گئی

نہ ہم رہ کوئی نا کسی سے گیا
مری لاش تا گور تنہا گئی

گھٹا شمع ساں کیوں نہ جاؤں چلا
طبع غم جگر کو مرے کھا گئی

کوئی رہنے والی ہے جان عزیز
گئی گر نہ امروز فردا گئی

کیے دست و پا گم جو میرؔ آ گیا
وفا پیشہ مجلس اسے پا گئی


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.