Jump to content

کیا کیا نہ تیرے صدمہ سے باد خزاں گرا

From Wikisource
کیا کیا نہ تیرے صدمہ سے باد خزاں گرا
by شیخ علی بخش بیمار
303609کیا کیا نہ تیرے صدمہ سے باد خزاں گراشیخ علی بخش بیمار

کیا کیا نہ تیرے صدمے سے باد خزاں گرا
گل برگ سرو فاختہ کا آشیاں گرا

لکھنے لگی قضا جو ہماری فتادگی
سو بار ہاتھ سے قلم دو زباں گرا

جب پہنچے ہم کنارۂ مقصود کے قریب
تب ناخدا جہاں سے اٹھا بادباں گرا

موباف سرخ چوٹی سے کیا ان کی کھل پڑا
ایک صاعقہ سا دل پہ مرے ناگہاں گرا

تا آسماں پہنچ کے ہوئی آہ سرنگوں
یا رب ہو خیر فوج الم کا نشاں گرا

اٹھ کر چلا جو پاس سے ان کے تو گھر تلک
ہر ہر قدم پہ ضعف سے میں ناتواں گرا

دیکھا جو دشت نجد میں حال تباہ قیس
محمل سے لیلیٰ کود پڑی سارباں گرا

دوزخ پہ کیوں نہ ہو دل بیمارؔ طعنہ زن
آتش سے عشق کی ہے پتنگا یہاں گرا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.