کس جگہ جلوہ نہیں اے مہ تاباں تیرا
Appearance
کس جگہ جلوہ نہیں اے مہ تاباں تیرا
پا ہی جاتا ہے تجھے ہر کہیں خواہاں تیرا
کون دیکھے تجھے اس ماہ جبیں کے ہوتے
منہ ادھر کو رہے اے مہر درخشاں تیرا
تیرے سائے کو بھی تجھ تک نہ پھٹکنے دیتا
یار ہوتا جو یہ ناچیز نگہباں تیرا
کسی آشفتہ کا کیا صبر پڑا ہے اس پر
کیوں پریشان ہے گیسوئے پریشاں تیرا
لے کے دل مجھ سے کوئی اپنا نہ کام اس سے لیا
کاش آئینہ ہی ہوتا دل حیراں تیرا
آج ہے وصل کی شب جا بھی ترا منہ کالا
پھر نہ دکھلائے خدا منہ شب ہجراں تیرا
جان سے تنگ ہوں پر جان سے جاؤں کیوں کر
مجھ کو مرنے بھی تو دیتا نہیں ارماں تیرا
کون جائے در دل دار سے اٹھ کر واعظ
خیر اچھا ہی سہی روضۂ رضواں تیرا
شعر اس میں نہیں یہ پھول کھلے ہیں شبنمؔ
حور کے ہاتھ کا گلدستہ ہے دیواں تیرا
This work is in the public domain in the United States because it was first published outside the United States (and not published in the U.S. within 30 days), and it was first published before 1989 without complying with U.S. copyright formalities (renewal and/or copyright notice) and it was in the public domain in its home country on the URAA date (January 1, 1996 for most countries). |