Jump to content

کتاب پیدائش: باب نمبر 25

From Wikisource

پَیدائش باب 25
(1) اور ابرہام نے پھِر ایک اَور بیوی کی جِس کا نام قطُورہ تھا۔(2) اور اُس سے زمران اور یُقسان اور مِدان اور مِدیان اور اسباق اور سُوخ پَیدا ہُوئے۔(3) اور یُقسان سے سِبا اور ددان پَیدا ہُوئے اور ددان کی اُولاد سے اُسوری اور لطُوسی اور لومُی تھے۔(4) اور مِدیان کے بیٹے عیفاہ اور عِفر اور حنُوک اور ابیداع اور الدوعا تھے۔ یہ سب بنی قطُورہ تھے۔(5) اور ابرہام نے اپنا سب کُچھ اِضحاق کو دِیا۔(6) اور اپنی حرموں کے بیٹے کو ابرہام نے بہت کُچھ اِنعام دے کر اپنے جیتے جی اُن کو اپنے بیٹے اِضحاق کے پاس سے مشرق کی طرف یعنی مشرِق کے مُلک میں بھیج دِیا۔(7) اور ابرہام کی کُل عمر جب تک کہ وہ جیتا رہا ایک سَو پچھتّر برس کی ہوئی۔(8) تب ابرہام نے دم چھوڑ دِیا اور خُوب بُڑھاپے میں نہایت ضعیف اور پُوری عُمر کا ہوکر وفات پائی اور اپنے لوگوں میں جا مِلا۔(9) اور اُس کے بیٹے اِضحاق اور اِسمٰعیل نے مکفِیلہ کے غار میں جو ممرے کے سامنے حِتّی صُحر کے بیٹے عِفرون کے کھیت میں ہے اُسے دفن کِیا۔(10) یہ وہی کھیت ہے جِسے ابرہام نے بنی حِت سے خریدا تھا۔ وہیں ابرہام اور اُس کی بیوی سارہ دفن ہُوئے۔(11) اور ابرہام کی وفات کے بعد خُدا نے اُس کے بیٹے اِضحاق کو برکت بخشی اور اِضحاق بیرلحی روئی کے نزدیک رہتا تھا۔(12) یہ نسب نامہ ابرہام کے بیٹے اِسمٰمعیل کا ہے جو ابرہام سے سارہ کی لَونڈی ہاجرہ مصری کے بطن سے پَیدا ہُؤا۔(13) اور اِسمٰعیل کے بیٹوں کے نام یہ ہیں۔ یہ نام ترتیب وار اُن کی پَیدایش کے مُطابِق ہیں۔ اِسمٰعیل کا پہلوٹھا نبایوت تھا۔ پھِر قِیدار اور ادبئیل اور مِبسام۔(14) اور مِشماع اور دُومہ اور مسّا۔(15) حدو اور تیما یطُور اور نفِیس اور قِدمہ۔(16) یہ اسمٰعیل کے بیٹے ہیں اور اِن ہی کے ناموں سے اِن کی بستیاں اور چھاؤنیاں نامزد ہُوئیں اور یہی بارہ اپنے اپنے قبیلہ کے سردار ہُوئے۔(17) اور اِسمٰعیل کی کُل عُمر ایک سَو سَینتیس برس کی ہُوئی تب اُس نے دم چھوڑ دِیا اور وفات پائی اور اپنے لوگوں میں جا مِلا۔(18) اور اُس کی حوِیلہ سے شور تک جو مِصر کے سامنے اُس راستہ پر ہے جِس سے اسُور جو جاتے ہیں آباد تھی۔ یہ لوگ اپنے سب بھائیوں کے سامنے بسے ہُوئے تھے۔(19) اور ابرہام کے بیٹے اِضحاق کا نسب نامہ یہ ہے۔ ابرہام سے اِضحاق پَیدا ہُؤا۔(20) اِضحاق چالِیس برس کا تھا جب اُس نے رِبقہ سے بیاہ کِیا جو فِدان ارام کے باشندہ بیتُوایل ارامی کی بیٹی اور لابن ارامی کی بہن تھی۔(21) اور اِضحاق نے اپنی بیوی کے لِئے خُداوند سے دُعا کی کِیُونکہ وہ بانجھ تھی اور خُداوند نے اُس کی دُعا قبول کی اور اُس کی بیوی رِبقہ حامِلہ ہُوئی۔(22) اور اُس کے پیٹ میں وہ دو لڑکے آپس میں مُزاحمت کرنے لگے۔ تب اُس نے کہا کہ اگر اَیسا ہی ہے تو مَیں جِیتی کیوں ہُوں؟ اور وہ خُداوند سے پُوچھنے گئی۔(23) خُداوند نے اُسے کہا دو قومیں تیرے پیٹ میں ہَیں اور دو قبیلے تیرے بطن سے نکلتے ہی الگ الگ ہوجائیں گے اور ایک قبیلہ دُوسرے قبیلہ سے زور آور ہوگا اور بڑا چھوٹے کی خدمت کرے گا۔(24) اور جب اُس کے وضعِ حمل کے دِن پُورے ہُوئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ اُس کے پیٹ میں تَوأم ہَیں۔(25) اور پہلا جو پَیدا ہُؤا تو سُرخ تھا اور اُوپر سے اَیسا جیسے پشمینہ اور اُنہوں نے اُس کا نام عیسور رکھّا۔(26) اُس کے بعد اُس کا بھائی پَیدا ہُؤا اور اُس کا ہاتھ عیسو کی ایڑی کو پکڑے ہُوئے تھا اور اُس کا نام یعقُوب رکھّا گیا۔ جب وہ رِبقہ سے پَیدا ہُوئے تو اِضحاق ساٹھ برس کا تھا۔(27) اور لڑکے بڑھے اور عیسو کا شِکار میں ماہِر ہوگیا اور جنگل میں رہنے لگا اور یعقُوب سادہ مزاج ڈیروں میں رہنے والا آدمی تھا۔(28) اور اِضحاق عیسو کو پیار کرتا تھا کِیُونکہ وہ اُس کے اُس کے شکار کا گوشت کھاتا تھا اور یعقُوب کو پیار کرتی تھی۔(29) اور یعقُوب نے دال پکائی اور عیسو جنگل سے آیا اور بے دم ہورہا تھا۔(30) اور عیسو نے یعقُوب سے کہا کہ یہ جو لال لال ہے مُجھے کِھلا دے کِیُونکہ مَیں بے دم ہورہا ہُوں۔ اِسی لِئے اُس کا نام اددم بھی ہوگیا۔(31) تب یعقُوب نے کہا تُو آج اپنا پہلوٹھے کا حق میرے ہاتھ بیچ دے۔(32) عیسو نے کہا دیکھ مَیں تو مرا جاتا ہُوں پہلوٹھے کا حق میرے کِس کام آئے گا؟۔(33) تب یعقُوب نے کہا کہ آج ہی مجھ سے قسم کھا۔ اُس نے اُس سے قسم کھائی اور اُس نے اپنا پہلوٹھے کا حق یعقُوب کے ہاتھ بیچ دِیا۔(34) تب یعقُوب نے عیسو کو روٹی اور مسُور کی دال دی۔ وہ کھا پی کر اُٹھا اور چلا گیا۔ یُوں عیسو نے اپنے پہلوٹھے کے حق کو نا چیز جانا۔