Jump to content

کتاب پیدائش: باب نمبر 22

From Wikisource

پَیدائش باب 22
(1) اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ خُدا نے ابرہام کو آزمایا اور اُسے کہا کہ اَے ابرہام! اُس نے کہا مَیں حاضر ہُوں۔(2) تب اُس نے کہا کہ تُو اپنے بیٹے اِضحاق کو جو تیرا اِکلوتا ہے اور جِسے تُو پیار کرتا ہے ساتھ لے کر موریاہ کے مُلک میں جا اور وہاں اُسے پہاڑوں میں سے ایک پہاڑ پر جَو مَیں تُجھے بتاؤنگا سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھا۔(3) تب ابرہام نے صبح سویرے اُٹھکر اپنے گدھے پر چار جامہ کسا اور اپنے ساتھ جوانوں اور اپنے بیٹے اِضحاق کو لِیا اور سوختنی قُربانی کے لِئے لکڑیاں چیریں اور اُٹھ کر اُس جگہ کو جو خُدا نے اُسے بتائی تھی روانہ ہُؤا۔(4) تیسرے دِن ابرہام نے نگاہ کی اور اُس جگہ کو دُور سے دیکھا۔(5) تب ابرہام نے اپنے جوانوں سے کہا تم یہیں گدھے کے پاس ٹھہرو۔ مَیں اور یہ لڑکا دونوں ذرا وہاں تک جاتے ہیں اور سجِدہ کرکے پھر تمہارے پاس لَوٹ آئیں گے۔(6) اور ابرہام نے سوختنی قُربانی کی لکڑیاں لے کر اپنے بیٹے اِضحاق پر رکھّیں اور آگ اور چُھری اپنے ہاتھ میں لی اور دونوں اِکٹھے روانہ ہُوئے۔(7) تب اِضحاق نے اپنے باپ ابرہام سے کہا اے باپ! اُس نے جواب دِیا کہ اَے میرے بیٹے حاضِر ہُوں۔ اُس نے کہا دیکھ آگ اور لکڑیاں تو ہیں پر سوختنی قُربانی کے لِئے برّہ کہا ہے؟۔(8) ابرہام نے کہا اَے میرے بیٹے خُدا آپ ہی اپنے واسطے سوختنی قُربانی کے لئے برّہ مُہیّا کرلے گا۔ سو دونوں آگے چل تے گئے۔(9) اور اُس جگہ پہنچے جو خُدا نے بتائی تھی۔ وہاں ابرہام نے قُربان گاہ بنائی اور اُس پر لکڑیاں چُنیں اور اپنے بیٹے اِضحاق کو باندھا اور اُسے قُربان گاہ پر لکڑیوں کے اُوپر رکھّا۔(10) اور ابرہام نے ہاتھ بڑھا کر چُھری لی کہ اپنے بیٹے کو ذبح کرے۔(11) تب خُداوند کے فرشتہ نے اُسے آسمان سے پُکارہ کہ اَے ابرہام اَے ابرہام! اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔(12) پھِر اُس نے کہا کہ تُو اپنا ہاتھ لڑکے پر نہ چلا اور نہ اُس سے کُچھ کر کِیُونکہ مَیں اب جان گیا کہ تُو خُدا سے ڈرتا ہے اِس لِئے کہ تُونے اپنے بیٹے کو بھی جو تیرا اِکلوتا ہے مُجھ سے دریخ نہ کِیا۔(13) اور ابرہام نے نگاہ کی اور اپنے پیچھے ایک مینڈھا دیکھا جِس کے سینگ جھاڑی میں اٹکے تھے۔ تب ابرہام نے جا کر اُس مینڈھے کو پکڑا اور اپنے بیٹے کے بدلے سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھایا۔(14) اور ابرہام نے اُس مقام کا نام یہواہ یری رکھّا چنانچہ آج تک یہ کہاوت ہے کہ خُداوند کے پہاڑ پر مُہیّا کِیا جائے گا۔(15) اور خُداوند کے فرشتہ نے آسمان سے دوبارہ ابرہام کو پُکارہ اور کہا کہ۔(16) خُداوند فرماتا ہے چُونکہ تُونے یہ کام کِیا کہ اپنے بیٹے کو بھی جو تیرا اِکلوتا ہے دریخ نہ نہ رکھّا اِس لِئے مَیں نے بھی اپنی ذات کی قسم کھائی ہے کہ۔(17) مَیں تُجھے برکت پر برکت دُونگا اور تیری نسل کو بڑھاتے آسمان کے تاروں اور سمندر کے کنارے کی ریت کی مانِند کر دُونگا اور تَیری اَولاد اپنے دُشمنوں کے پھاٹک کی مالِک ہوگی۔(18) اور تیری نسل کے وسیلہ سے زمِین کی سب قومیں برکت پائینگی کِیُونکہ تُونے میری بات مانی۔(19) تب ابرہام نے اپنے جوانوں کے پاس لَوٹ گیا اور وہ اُٹھے اور اِکٹھّے بیرسبع کو گئے اور ابرہام بیرسبع میں رہا۔(20) اِن باتوں کے بات یُوں ہُؤا کہ ابرہام کو یہ خبر مِلی کہ مِلکاہ کے بھی تیرے بھائی نحُور سے بیٹے ہُوئے ہیں۔(21) یعنی عُوض جو اُس کا پہلوٹھا ہے اور اُس کا بھائی بُوز اور قموایل ارام کا باپ۔(22) اور کسد اور حزُو اور فِلداس اور اِدلاف بیتوایل۔(23) اور بیتوایل سے رِبقہ پَیدا ہوئی۔ یہ آٹھوں ابرہام کے بھائی نحُور سے مِلکاہ کے پَیدا ہُوئے۔(24) اور اُس کی حرم سے بھی جِس کا نام رُومہ تھا طِبخ اور جاحم اور تخص اور معکہ پَیدا ہُوئے۔