Jump to content

پکڑی کسی سے جاوے نسیم اور صبا بندھے

From Wikisource
پکڑی کسی سے جاوے نسیم اور صبا بندھے
by انشاء اللہ خان انشا
294589پکڑی کسی سے جاوے نسیم اور صبا بندھےانشاء اللہ خان انشا

پکڑی کسی سے جاوے نسیم اور صبا بندھے
مولیٰ کرے کچھ اپنی بھی اب تو ہوا بندھے

عاشق کو بوغ بند میں باندھا ہے اس نے یوں
تا ہو کے دست بقچہ میں جیسے قبا بندھے

یوں دود آہ کا مری گنبد بندھا ہے یاں
چھت جیسے ابر تیرہ کی تحت السما بندھے

ٹک عالم اے جنوں تو دکھا وہ کہ جس سے صاف
لاہوت کا سماں مری آنکھوں میں آ بندھے

سرما گھلا کے آنکھوں میں نکلا نہ کیجئے
ایسا نہ ہو کہ آپ پہ کچھ توتیا بندھے

قدرت خدا کے دیکھو کہ چوری تو ہم کریں
اور الٹے دست گیر ہو دزد حنا بندھے

الجھیڑے میں پھنسے تھے تری زلف کے سو وہ
الٹے ٹنگے اسیر ہوئے بارہا بندھے

انشاؔ صد آفریں ترے ذہن سلیم کو
مضموں زیادہ اس سے بھلا اور کیا بندھے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.