Jump to content

پاتا نہیں جو لذت آہ سحر کو میں

From Wikisource
پاتا نہیں جو لذت آہ سحر کو میں
by اصغر گونڈوی
298073پاتا نہیں جو لذت آہ سحر کو میںاصغر گونڈوی

پاتا نہیں جو لذت آہ سحر کو میں
پھر کیا کروں گا لے کے الٰہی اثر کو میں

آشوب گاہ حشر مجھے کیوں عجیب ہو
جب آج دیکھتا ہوں تری رہ گزر کو میں

ایسا بھی ایک جلوہ تھا اس میں چھپا ہوا
اس رخ پہ دیکھتا ہوں اب اپنی نظر کو میں

جینا بھی آ گیا مجھے مرنا بھی آ گیا
پہچاننے لگا ہوں تمہاری نظر کو میں

وہ شوخیوں سے جلوہ دکھا کر تو چل دیے
ان کی خبر کو جاؤں کہ اپنی خبر کو میں

آہوں نے میری خرمن ہستی جلا دیا
کیا منہ دکھاؤں گا تری برق نظر کو میں

باقی نہیں جو لذت بیداری فنا
پھر کیا کروں گا زندگی بے اثر کو میں

اصغرؔ مجھے جنوں نہیں لیکن یہ حال ہے
گھبرا رہا ہوں دیکھ کے دیوار و در کو میں


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.