Jump to content

غزل میرؔ کی کب پڑھائی نہیں

From Wikisource
غزل میرؔ کی کب پڑھائی نہیں
by میر تقی میر
315349غزل میرؔ کی کب پڑھائی نہیںمیر تقی میر

غزل میرؔ کی کب پڑھائی نہیں
کہ حالت مجھے غش کی آئی نہیں

زباں سے ہماری ہے صیاد خوش
ہمیں اب امید رہائی نہیں

کتابت گئی کب کہ اس شوخ نے
بنا اس کی گڈی اڑائی نہیں

نسیم آئی میرے قفس میں عبث
گلستاں سے دو پھول لائی نہیں

مری دل لگی اس کے رو سے ہی ہے
گل تر سے کچھ آشنائی نہیں

نوشتے کی خوبی لکھی کب گئی
کتابت بھی ایک اب تک آئی نہیں

جدا رہتے برسوں ہوئے کیونکہ یہ
کنایہ نہیں بے ادائی نہیں

گلہ ہجر کا سن کے کہنے لگا
ہمارے تمہارے جدائی نہیں

سیہ طالعی میری ظاہر ہے اب
نہیں شب کہ اس سے لڑائی نہیں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.