عکس رخ گلگوں سے تماشا نظر آیا
عکس رخ گلگوں سے تماشا نظر آیا
آئینہ انہیں پھولوں کا دونا نظر آیا
خوبی میں دوبالا وہ سراپا نظر آیا
پر نور بدن پیکر جوزا نظر آیا
دل خوش گہروں کا ہمیں صحرا نظر آیا
کیا گرد یتیمی کا بگولا نظر آیا
نیرنگیٔ حیرت سے رواں رہتے ہیں آنسو
تصویر کا دریا ہمیں بہتا نظر آیا
نکلا جو ہوا وار میں وہ رشک سلیماں
اڑتا سوئے افلاک فرشتہ نظر آیا
بالیدہ ہے ہر شیشۂ مے اب کی یہاں تک
ایک ایک فلک پنبۂ بینا نظر آیا
خلعت مجھے وحشت نے دیا وسعت دل کا
جامہ میں مرے دامن صحرا نظر آیا
نظروں میں یہ چھایا ہے غبار دل وحشی
ہر آنکھ میں آنسو مجھے ڈھیلا نظر آیا
وہ آئنہ سیما ہے دل سخت عدو میں
بوتل میں اترتے ہوئے شیشہ نظر آیا
عاشق ترے پلکوں کا ہوا زندۂ جاوید
سولی کا خریدار مسیحا نظر آیا
زاہد نے بھی عقد آج کیا بنت عنب سے
جفت بط مے مرغ مصلا نظر آیا
برگشتہ نصیبی صدف دل کی کہوں کیا
موتی کے عوض اس میں پھپھولا نظر آیا
آئینۂ گیتی میں وہی عکس ہے ہر سو
ہم نے جدھر اس شوخ کو دیکھا نظر آیا
کرتے ہو مرے پیکر وہمی کو نشانہ
ناوک میں تمہارے پر عنقا نظر آیا
اس بت کے نہانے سے ہوا صاف یہ پانی
موتی بھی صدف میں تہ دریا نظر آیا
اوس حور کی رنگت اڑی رونے سے ہمارے
رنگ گل فردوس بھی کچا نظر آیا
شیشہ مئے گلگوں کا انہیں مد نظر ہے
تیغ نگہ مست میں چھالا نظر آیا
ہو جائیں گے سب کوہ جہاں سنگ فلاخن
وحشت میں جو عالم تہ و بالا نظر آیا
شمعیں جو بجھیں بزم طلسمات کو دیکھا
آنکھیں جو ہوئیں بند تو کیا کیا نظر آیا
کیوں خوش نہ ہو تل بیٹھ کے میزان فلک میں
موزون قد یار کا پلا نظر آیا
مل مل گئے ہیں خاک میں لاکھوں دل روشن
ہر ذرہ مجھے عرش کا تارا نظر آیا
آنکھوں میں کھٹکتی ہے یہی دولت دنیا
ہر سکے کی مچھلی میں بھی کانٹا نظر آیا
ہے بود جہاں نقش سر آب نظر میں
یہ کھیل ہمیں بن کے بگڑتا نظر آیا
حیرت کدۂ دہر ہوا مجھ سے مکدر
آئینۂ ایجاد میں دھبا نظر آیا
خوش آتے نہیں دانت کسی حور کے مجھ کو
چاک گل فردوس میں بخیہ نظر آیا
مدت سے نظر دوختہ رہتے ہیں گرفتار
گیسو کی بھی زنجیر میں ٹانکا نظر آیا
چمپاکلی اس مست مئے حسن کی دیکھی
گردن کی صراحی کا یہ مینا نظر آیا
مدفون ہوا زیر زمیں آپ کا لاغر
چشم لحد تنگ میں جالا نظر آیا
کلکتہ میں ہر دم ہے منیرؔ آپ کو وحشت
ہر کوٹھی میں ہر بنگلے میں جنگلا نظر آیا
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |