شب فراق میں رویا کیا سحر کے لئے
Appearance
شب فراق میں رویا کیا سحر کے لئے
ترس ترس گئیں آہیں مری اثر کے لئے
الٰہی خیر سے اس کی خبر ملے مجھ کو
چھری ہے تیز وہاں مرغ نامہ بر کے لئے
بجا ہے بوسے کا گر نیل بن گیا رخ پر
یہی تو داغ مناسب تھا اس قمر کے لئے
مریض ہجر نے دی جان تیری غفلت سے
نہ آیا ایک دن او بے خبر خبر کے لئے
زیادہ فرط نزاکت سے سرگراں وہ ہوئے
لگا لیا کبھی صندل جو درد سر کے لئے
پیام اس بت شیریں ادا کا جب لایا
بڑھا کے ہاتھ قدم ہم نے نامہ بر کے لئے
جو مہر حشر مرے داغ دل کا پھاہا ہو
روا ہے ابر کا رومال چشم تر کے لئے
خیال زلف میں دن رات ہم ہیں سرگرداں
ازل سے تھا یہی سودا ہمارے سر کے لئے
دعائیں مانگنا ہوں جتنی مانگ لے وہبیؔ
کھلا ہے باب اجابت ابھی اثر کے لئے
This work is in the public domain in the United States but it may not be in other jurisdictions. See Copyright.
| |