Jump to content

سر ملا ہے عشق کا سودا سمانے کے لئے

From Wikisource
سر ملا ہے عشق کا سودا سمانے کے لئے
by منشی دیبی پرشاد سحر بدایونی
317128سر ملا ہے عشق کا سودا سمانے کے لئےمنشی دیبی پرشاد سحر بدایونی

سر ملا ہے عشق کا سودا سمانے کے لئے
آنکھیں دیں انسان کو آنسو بہانے کے لئے

اس کا ہنسنا یاد آتا ہے رلانے کے لئے
کچھ بہانہ چاہئے آنسو بہانے کے لئے

کوئی زاہد بن گیا ہے کوئی واعظ بن گیا
کیسے کیسے سوانگ ہیں روٹی کمانے کے لئے

نقد دل کو وارتے ہیں ہم لب پاں خوردہ پر
نذر لائے ہیں تمہارے پان کھانے کے لئے

مجھ پہ ہے چشم عتاب اوروں پہ شفقت کی نظر
مجھ کو عزرائیل عیسیٰ ہو زمانے کے لئے

کعبۂ امید کی تعظیم واجب تھی ضرور
ہم نے بوسے سحرؔ اس کے آستانے کے لئے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.