تیرے ہاتھوں سے مٹے گا نقش ہستی ایک دن
تیرے ہاتھوں سے مٹے گا نقش ہستی ایک دن
باڑھ رکھ دے گی چھری پر تیز دستی ایک دن
تیری آنکھوں سے دل نازک گرے گا نشہ میں
طاق سے شیشہ گرا دے گی یہ مستی ایک دن
زاہدو پوجا تمہاری خوب ہوگی حشر میں
بت بنا دے گی تمہیں یہ حق پرستی ایک دن
آنکھیں دوزخ میں بھی سینکے گا ترا دل سوختہ
آگ بن جائے گی یہ آتش پرستی ایک دن
خوبیٔ شمشیر ابرو کا تماشا دیکھتے
دونوں باگوں آپ کی تلوار کستی ایک دن
خون میرا رائیگاں ناحق بہاتے ہیں حضور
کرنی ہے رنگ حنا کی پیش دستی ایک دن
جلد پستاں تک مرا کب تک نہ ہوگا دسترس
ان ترنجوں کی بھی قیمت ہوگی سستی ایک دن
زلف کافر کیش لپٹے گی قدم سے اے صنم
ہندو شب بھی کرے گا بت پرستی ایک دن
جان بخشو سر مرے لاشہ کا ٹھکراؤ کبھی
ساغر خالی میں بھر دو شہد ہستی ایک دن
نیل گوں کر دیں گے مل کر چھاتیاں اے رشک مہر
تیری انگیا کی کٹوری ہوگی جستی ایک دن
خوب کر تعریف نواب ظفر جنگ اے منیرؔ
کام آ جائے گی یہ آقا پرستی ایک دن
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |