تیرے وعدے کا اختتام نہیں
Appearance
تیرے وعدے کا اختتام نہیں
کہ قیامت پہ بھی قیام نہیں
بے وفائی تمہاری عام ہوئی
اب کسی کو کسی سے کام نہیں
کس لیے دعویٔ زلیخائی
غیر یوسف نہیں غلام نہیں
وصل کے بعد ہجر کا کیا کام
دور گردوں کا انتظام نہیں
کون سنتا ہے نالہ و فریاد
چرخ کو خوف انتقام نہیں
خال لب دیکھ کر ہوا معلوم
کوئی دانہ بغیر دام نہیں
آپ میں کیوں کہ آؤں جب کہ تو آئے
خلوت خاص بزم عام نہیں
نالہ کرتا ہوں لوگ سنتے ہیں
آپ سے میرا کچھ کلام نہیں
جس جگہ ہے وہاں بھی ہے بہتان
کہ کسی جا ترا مقام نہیں
روز فرقت کو روز حشر نہ جان
شام پر بھی تو اختتام نہیں
ہے خدا ہی قلقؔ جو آج بجھے
صبح ہوتے نہیں کہ شام نہیں
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |