Jump to content

تیرے در پر مقام رکھتے ہیں

From Wikisource
تیرے در پر مقام رکھتے ہیں
by قلق میرٹھی
316875تیرے در پر مقام رکھتے ہیںقلق میرٹھی

تیرے در پر مقام رکھتے ہیں
قصد دار السلام رکھتے ہیں

ابتدا اپنی انتہا سے پرے
ناتمامی تمام رکھتے ہیں

آسماں سے کسے امید نجات
آشیاں زیر دام رکھتے ہیں

ایک یوسف کہ ساتھ غربت میں
ایسے لاکھوں غلام رکھتے ہیں

بے بہا شے ہوں میں کہ وہ مجھ کو
ناخریدہ غلام رکھتے ہیں

سب کی سنتے ہیں کرتے ہیں جی کی
کام سے اپنے کام رکھتے ہیں

وصل معشوق ہے سلیمانی
وہ ہی جم ہیں جو جام رکھتے ہیں

کچھ تری دوستی کی قدر نہیں
دشمنی خاص و عام رکھتے ہیں

قیس و فرہاد کہتے ہیں وہ مجھے
کیسے گن گن کے نام رکھتے ہیں

نالوں کو روک روک لیتے ہیں
دل کو ہم تھام تھام رکھتے ہیں

کعبے میں ایک دم کی مہمانی
مے کدے میں مدام رکھتے ہیں

دل ربا کہنے سے وہ چونک اٹھے
گویا ہم اتہام رکھتے ہیں

چشم بد دور عیش عہد شباب
صبح ہم رنگ شام رکھتے ہیں

اے قلقؔ بیٹھیے سر خم مے
آپ عالی مقام رکھتے ہیں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.