Jump to content

ترک ان دنوں جو یار سے گفت و شنید ہے

From Wikisource
ترک ان دنوں جو یار سے گفت و شنید ہے
by میاں داد خاں سیاح
303951ترک ان دنوں جو یار سے گفت و شنید ہےمیاں داد خاں سیاح

ترک ان دنوں جو یار سے گفت و شنید ہے
ہم کو محرم اور رقیبوں کو عید ہے

شاید ہمارے قول پہ حبل الورید ہے
ہم سے خدا قریب ہے کعبہ بعید ہے

گزرا مہ صیام نہ کیوں پنجۂ شراب
خالی کا چاند یہ نہیں ہے ماہ عید ہے

شغل اپنا بادہ خواری ہے اور تاک سلسلہ
پیر مغاں بھی ایک ہمارا مرید ہے

دل لے چکے ہیں جان بھی اب مانگتے ہیں وہ
بیٹھے ہیں بگڑے اور تقاضا شدید ہے

چل کھول قفل آبلۂ پا کے اے جنوں
ہر اک زبان خار بیاباں کلید ہے

وحشت میں پیرہن کی اڑیں دھجیاں تمام
تن پر قبائے داغ ہے سو نو خرید ہے

سنتا ہوں روز حشر نہ ہوگی اسے نجات
جو سیدوں سے بغض رکھے وہ یزید ہے

ایسا مزا بھرا ہے طبیعت میں فقر کا
گنج شکر ہے سینہ مرا دل فرید ہے

سیاحؔ بے نوا ہوں جہاں گرد ہے لقب
گردش میں چرخ پیر بھی میرا مرید ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.