اے موت تجھ پہ عمر ابد کا مدار ہے
Appearance
اے موت تجھ پہ عمر ابد کا مدار ہے
تو اعتبار ہستی بے اعتبار ہے
عہد ازل پہ زندگیوں کا مدار ہے
عالم تمام غم کدۂ اعتبار ہے
ذرات چشم شوق ہیں آمادۂ نگاہ
محرومیوں کو اب بھی ترا انتظار ہے
بیداد کا گلہ تو کروں اور جو وہ کہیں
یہ کہیے امتحان وفا ناگوار ہے
اک یہ وفا کہ ننگ غم دوست ہے ہنوز
اک وہ ستم کہ حسن کا آئینہ دار ہے
تمییز حسن و عشق نہ عرفان غم مگر
اک تیر بے پناہ کلیجے کے پار ہے
مختار ہوں کہ معترف جبر دوست ہوں
مجبور ہوں کہ یہ بھی کوئی اختیار ہے
اب کس کو اعتبار کہ تو بے وفا نہیں
اب کس کو انتظار مگر انتظار ہے
باقی نہیں کسی کو نشاط جنوں کا ہوش
کس جوش پر شباب غم روزگار ہے
آداب عاشقی کا تقاضا ہے اور بات
تو ورنہ دل کی آڑ میں خود بے قرار ہے
ہوگی کسی کو فرصت نظارۂ جمال
فانیؔ خراب حسن تماشائے یار ہے
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |