اپنے ابرو آئنے میں دیکھ کر بسمل ہوا
اپنے ابرو آئنے میں دیکھ کر بسمل ہوا
کھینچ کر تلوار اپنا آپ وہ قاتل ہوا
بھاگ کر کب تجھ سے جاں بر کوئی اے قاتل ہوا
اڑ چلا گر ہوش اپنا طائر بسمل ہوا
اب کہاں نالے کہ اس لیلیٰ کا مسکن دل ہوا
تھا جرس جو پیش ازیں وہ ان دنوں محمل ہوا
نام نیک اہل حکومت کو کہاں حاصل ہوا
خلق میں مشہور اک نوشیرواں عادل ہوا
سر سے پا تک ہر صنوبر ہی فقط کیا دل ہوا
دیکھ کر اس سرو قد کو سرو بھی مائل ہوا
اس ادا سے باڑھ دیکھی آپ نے تلوار کی
طائر رنگ حنا بھی طائر بسمل ہوا
دھیان اس کے بند کرنے کا اگر آتا تجھے
کیوں نہ تیرا رخنۂ در میرا چاک دل ہوا
ہے یہ غم جانکاہ خال ابروئے خم دار کا
کعبے میں کاہیدہ ہو کر سنگ اسود دل ہوا
جو یہاں مغلوب ہے عقبیٰ میں غالب ہے وہی
مرکب مقتول ہے اک روز جو قاتل ہوا
دھوئے ہیں دھوبی نے دریا میں جو کپڑے یار کے
آج کوسوں تک معطر دامن ساحل ہوا
دلبری کا جب ہوا اس سرو قامت کو خیال
عضو عضو اپنا وہیں مثل صنوبر دل ہوا
سب کے خالق نے بنائے کاسۂ سر واژگوں
آدمی اس پر بھی پیش آدمی سائل ہوا
بجھ گیا میرا چراغ داغ وصل یار میں
نور مہ نزدیکیٔ خورشید سے زائل ہوا
جو پری رو بیٹھتا ہے آ کے اٹھ سکتا نہیں
اب تو نقش بوریا کا خوب میں عامل ہوا
جذب جنسیت بہم رہنے نہیں دیتا فراق
کل بنا جو جسم خاکی آج گل در گل ہوا
ہائے کس قاتل ادا سے کی شروع اس نے نماز
نکلی جب تکبیر اس کے منہ سے میں بسمل ہوا
کہتے ہیں زاہد مری دیوانگی کو دیکھ کر
بت پرستی کے سبب قہر خدا نازل ہوا
جب تصور یار کا باندھا ہم آپ آئے نظر
سامنے آنکھوں کے آئینہ ہمارا دل ہوا
عاشق بے ننگ سے ہوتا ہے معشوقوں کو ننگ
پیرہن مجنوں کا پھٹ کر پردۂ محمل ہوا
سامنے میرے رہا گر شام سے لے تا سحر
حسن میں گر مثل ماہ چاردہ کامل ہوا
روح ناسخؔ ہے اسی کی روح اقدس پر نثار
بارہا جس کے لیے روح القدس نازل ہوا
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |