Jump to content

ان دونوں گھر کا خانہ خدا کون غیر ہے

From Wikisource
ان دونوں گھر کا خانہ خدا کون غیر ہے
by حسرتؔ عظیم آبادی
302868ان دونوں گھر کا خانہ خدا کون غیر ہےحسرتؔ عظیم آبادی

ان دونوں گھر کا خانہ خدا کون غیر ہے
شیخ حرم عبث تھے انکار دیر ہے

اے یار بے خبر تو مری لے نہ لے خبر
ورد زباں ترا ہی مجھے ذکر خیر ہے

غیبت میں کیا تعلق اسے یاد سے مری
کچھ کام اس کا اٹکا بھلا مجھ بغیر ہے

پروا ہے کب اسے مرے رفع ملال سے
گہہ شاغل شکار کبھی گشت سیر ہے

بے وجہ کیا ہیں ہم سے یہ بے روئیاں تری
کیا ہم میں اور تجھ میں کسی رو سے بیر ہے

انسان رکھے عشق کی نسبت سے امتیاز
یوں قید خواب و خور میں تو ہر وحش و طیر ہے

اپنی گلی میں دیکھ کے حسرتؔ کو بولا یار
چل جا پرے ہو دور اگر تیری خیر ہے


This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.