Jump to content

اب مجھ کو گلے لگاؤ صاحب

From Wikisource
اب مجھ کو گلے لگاؤ صاحب
by غلام علی ہمدانی مصحفی
316109اب مجھ کو گلے لگاؤ صاحبغلام علی ہمدانی مصحفی

اب مجھ کو گلے لگاؤ صاحب
یک شب کہیں تم بھی آؤ صاحب

روٹھا ہوں جو تم سے میں تو مجھ کو
آ کر کے تمہیں مناؤ صاحب

بیٹھے رہو میرے سامنے تم
از بہر خدا نہ جاؤ صاحب

کچھ خوب نہیں یہ کج ادائی
ہر لحظہ نہ بھوں چڑھاؤ صاحب

رکھتے نہیں پردہ غیر سے تم
جھوٹی قسمیں نہ کھاؤ صاحب

در گزرے ہم ایسی زندگی سے
اتنا بھی نہ جی جلاؤ صاحب

یا غیر کی چاہ بھول جاؤ
یا دل سے ہمیں بھلاؤ صاحب

تم وقت کے اپنے ہو مسیحا
مردے کے تئیں جلاؤ صاحب

میاں مصحفیؔ یار آ ملے گا
اتنا بھی نہ تلملاؤ صاحب


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.