اب جو اک حسرت جوانی ہے
Appearance
اب جو اک حسرت جوانی ہے
عمر رفتہ کی یہ نشانی ہے
رشک یوسف ہے آہ وقت عزیز
عمر اک بار کاروانی ہے
گریہ ہر وقت کا نہیں بے ہیچ
دل میں کوئی غم نہانی ہے
ہم قفس زاد قیدی ہیں ورنہ
تا چمن ایک پرفشانی ہے
اس کی شمشیر تیز ہے ہمدم
مر رہیں گے جو زندگانی ہے
غم و رنج و الم نکو یاں سے
سب تمہاری ہی مہربانی ہے
خاک تھی موجزن جہاں میں اور
ہم کو دھوکا یہ تھا کہ پانی ہے
یاں ہوئے میرؔ تم برابر خاک
واں وہی ناز و سرگرانی ہے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |