Jump to content

آپ کو بھول کے میں یاد خدا کرتا ہوں

From Wikisource
آپ کو بھول کے میں یاد خدا کرتا ہوں (1926)
by یاسین علی خاں مرکز
304361آپ کو بھول کے میں یاد خدا کرتا ہوں1926یاسین علی خاں مرکز

آپ کو بھول کے میں یاد خدا کرتا ہوں
خود انا کہتا ہوں موجود بقاء کرتا ہوں

کفر و اسلام کا موجد ہوا بندہ ہو کر
پھر وہ میں کون ہوں جو خود ہوں کہا کرتا ہوں

علم اعداد سے ہوتا ہے حجاب اکبر
ایک ہر حال میں ہوں کل میں رہا کرتا ہوں

ہوں بصارت میں نہاں عذر ہے بینائی کا
روز روشن میں ہی خود آپ رہا کرتا ہوں

بے سمجھ نام خدا کا وہ لیا کرتے ہیں
پوچھتا ہوں تو یہ کہتے ہیں سنا کرتا ہوں

جسم خاکی نہ سمجھ یار کا بس جلوہ ہے
یاد اور بھول سے میں دل کو ضیا کرتا ہوں

میں سمجھتا ہوں خدا آپ کو بندہ بن کر
ہاں اسی شان کا مرکزؔ ہوں کہا کرتا ہوں


This work was published before January 1, 1930 and is anonymous or pseudonymous due to unknown authorship. It is in the public domain in the United States as well as countries and areas where the copyright terms of anonymous or pseudonymous works are 98 years or less since publication.