Jump to content

آفتاب آئے چمک کر جو سر جام شراب

From Wikisource
آفتاب آئے چمک کر جو سر جام شراب
by احمد حسین مائل
304306آفتاب آئے چمک کر جو سر جام شراباحمد حسین مائل

آفتاب آئے چمک کر جو سر جام شراب
رند سمجھیں کہ ہے صادق سحر‌ جام شراب

سب کے ہاتھوں پہ تھا شب بھر سفر جام شراب
ہر خط دست بنا رہ گزر جام شراب

دختر رز پہ گریں مست پتنگوں کی طرح
شمع محفل ہو یہ لخت جگر جام شراب

تھام لے دست سبو آئے جو چلنے میں لچک
خط بغداد ہو موئے کمر جام شراب

طور سینا کا گماں ہو خم مے پر سب کو
اس طرح ہوش اڑاؤ اثر جام شراب

ساغر مے میں نہیں پرتو خال ساقی
ہے کف دختر رز میں سپر جام شراب

خاک مے خانہ کی بن جاتی قیامت پس کر
ہر قدم پر جو لچکتی کمر جام شراب

آج مے نوشوں کا مجمع ہے کہاں اے ساقی
کون سی بزم میں ہے شور و شر جام شراب

جتنے مے خوار ہیں ساقی سے گلے ملتے ہیں
سحر عید بنی ہے خبر جام شراب

شیشۂ مے سے اڑا کاگ کبوتر کی طرح
نامہ پہنچانے چلا نامہ بر جام شراب

موج صہبا پہ گرا سپنۂ مینا اڑ کر
ہے مرے سامنے تیغ و سپر جام شراب

مے پلاتا ہے اگر ڈھانپ لے سینہ ساقی
تیرے جوبن کو لگے گی نظر جام شراب

آفتاب آ کے سکھاتا ہے چلن شب بھر کا
رات کو ہوتا ہے اکثر گزر‌ جام شراب

دست ساقی میں رہے دست قدح کش میں رہے
گردن شیشۂ صہبا کمر جام شراب

مست کرتے ہیں دو عالم کو یہی دو خود مست
لذت نغمۂ مطرب اثر جام شراب

کیا غضب ہے کہ ترا ہونٹھ نہ چوسے مائلؔ
اور ہو تیرے لبوں تک گزر جام شراب


This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.